بدھ, مئی 22, 2024
spot_img
ہومخبریںتربت: جمعیت علماء اسلام کیچ کے زیراہتمام سویڈن میں قرآن مجید کی...

تربت: جمعیت علماء اسلام کیچ کے زیراہتمام سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف تربت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب و ضلعی امیر خالد ولید سیفی نے کہاکہ دنیامیں اس وقت دو فکروں کے درمیان جنگ ہے، اسلام اور سیکولرزم کے مابین مخاصمت میں سیکولر لابی کو یہ خطرہ لاحق ہے کہ اسلام کے پھیلنے سے ان کے نظریاتی اصول تباہ ہوں گے، اسی لیے وہ قرآن مجید ومقدس اسلامی شخصیات کی توہین کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قرآن مجید مسلمانوں کی ریڈلائن ہے، قرآن مجید کی بے حرمتی کے بعداسلامی ممالک سویڈن کے اور تجارتی سطح پر بائیکاٹ کریں اور احتجاج ریکارڈ کرائیں، وزیر اعظم کی جانب سے اس واقعہ کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منانا قابل ستائش ہے۔ حکومت مزید اقدامات اٹھائے اور عالمی سطح پر سویڈن کے خلاف سفارتی بائیکاٹ کی راہ ہموار کرے۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث کیچ کے رہنماء یلان زامرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مغرب کو اسلامک فوبیا ہے قرآن مجید کی بے حرمتی سے اسلام مزید پھیلےگا، اور مغرب کا پروپیگنڈہ اپنی موت آپ مر جائے گا، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں سے اسلام مزید پھیلے گا اور مغربی زدہ سیکولر لابی کی منافقت دنیا کے سامنے آئےگا۔

جمعیت علماء اسلام کے ضلعی رہنماء مفتی شاہ میر عزیز گچکی، مولانا غلام اللہ رستم، مولانا ابوالحسن بلوچ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن مجید کی توہین کا واقعہ قابل مذمت ہے، اس کے خلاف تمام مسلمانوں کو بلاتفریق یکجاہ ہونا چاہیے،یہ صرف مذہبی جماعتوں یا شخصیات کامعاملہ نہیں بلکہ ایک اجتماعی مسئلہ ہے جس کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلامی ممالک کا اجلاس بلاکر اس اقدام کے خلاف احتجاج کرے۔

احتجاج کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ ظہور احمد نقشبندی نے حاصل کی جبکہ آخرمیں مفتی ظہیر احمد کی دعا سے احتجاج اختتام پزیر ہوا، احتجاج میں جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں سردار دوداخان درزادہ، مولانا محمدعلی شیرانی،تحصیل امیر مولانا عبدالقدیر مینگل، مفتی عمران بلوچ، حاجی جان محمد بلیدی ودیگر کارکنان و زمہ داران کی کثیر تعداد شریک تھی۔

احتجاج میں مرکزی جمعیت اہل حدیث کے کارکنان نے بھی شرکت کی اس موقع سویڈن واقعہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
پروگرام میں نظامت کے فرائض جے یو آئی کیچ کے رہنما مولانا جاوید نعمانی نے سرانجام دیئے۔

متعلقہ مضامین

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین